حکمران عوام کو بے وقوف بنانا چھوڑ دیں: محمد حنیف حیدری

Gujarat

Gujarat

گجرات : صدر پاکستان مسلم لیگ سٹی گجرات محمد حنیف حیدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکمران عوام کو بے وقوف بنانا چھوڑ دیں کیونکہ اب لوگ باشعور ہیں اور ان کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم کرنے میں بھلا حکمرانوں کی کیا کارکردگی ہو سکتی ہے اور اگر دیکھا جائے تو ابھی بھی گورنمنٹ عوام کو کچھ بھی ریلیف نہیں دے رہی۔

نہ تو پٹرولیم مصنوعات میں کمی کی گئی ہے اور نہ ہی کرایوں میں کمی پر علمدرامد کروایا جا سکا ہے۔ کسی بھی محکمہ میں چلے جائیں ہر طرف بدحالی ہی نظر آرہی ہے۔ بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔یوٹیلٹی سٹورز بنیادی اشیاء سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ناقص کارکردگی ہونے کے باوجود اخبارات حکومتی کارکردگی کے اشتہارات سے بھرے ہوتے ہیں۔ اگر ان اشتہارات پر عوامی رقم خرچ کرنے کی بجائے وہی پیسہ عوام پر لگایا جائے تو کچھ بہتر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک صحیح ڈگر پر چل رہا ہوتا تو آج جو حکومت گرائو تحریک چلی ہے اس کو عوام کی طرف سے اتنی پزیرائی نہ ملتی۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر ہیں اور ہر طرف سے گو نواز گو کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔ اگر حالات ایسے ہی رہے تو مجھے چند ماہ میں حکومت جاتی نظر آرہی ہے۔