حکمرانوں کا طرزِ حکمرانی بہت خطرناک ہے، قاضی احمد سعید

لاہور : پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ حکمرانوںکا طرزِ حکمرانی بہت خطرناک ہے۔ حکومت نے پہلے تین ماہ میں بجلی سو فیصد مہنگی کر دی ہے۔ مہنگائی کا ایک طوفان امڈ چکا ہے۔ دہشت گردی کا لاوا بے گناہوں کی زندگیوں کو نگل رہا ہے۔ حکمرانوں کے ہاتھ پاؤں پھول چکے ہیں۔ اپوزیشن ہونے کے ناطے حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا اسمبلی سے اپوزیشن کے واک آؤٹ کے باوجود طاقت کے بل بوتے پر پاس کیا گیا بل جس بلدیاتی نظام کو متعارف کروانے جا رہا ہے اس کے تحت میئر اور منتخب عوامی نمائندوں کے تمام اختیارات سلب کر دیئے گئے ہیں صرف وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اختیارات ہوں گے۔ پیپلز پارٹی ایسے بلدیاتی نظام کو مسترد کرتی ہے جب ملک کے دیگر تینوں صوبوں میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروائے جانے ہیں تو پھر کیوں شریف برادران غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروانے پر بضد ہیں۔