کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ چیئرمین پرویز مشرف کی ہدایت پر اے پی ایم ایل سندھ کے چیف آرگنائزرشہاب الدین شاہ حسینی کی صدارت میں منعقد ہونے والے ”یوم حسین “ کی مجلس و محفل میں آرگنائزنگ سیکریٹری شاہد قریشی ‘ مصطفی مرزا ‘ محمد علی شیروانی ‘ اسلم مینائی ‘ نجمہ مینائی ‘ فیروزہ وارثی اور دیگر عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ترجمان و سیکریٹری اطلاعا ت طاہر حسین سید کے مطابق علامہ نقی نقوی نے سیرت طیبہ ﷺ اور ذکر اہلبیت کے علاوہ کردار حسینی اور معرکہ کربلا کے پس منظرکے ساتھ معاشرے پرواقعہ کربلا کے اثرات پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام عالی مقام کی میدان کربلا میں شہادت عظمیٰ ظلم و جبراور فسق و فجر کیخلاف درس جہاد دیتی ہے اور بتاتی ہے باطل حکمرانوں کیخلاف خاموشی سازش یزید میں شمولیت اور ان کیخلاف آواز حق بلند کرنا تقلید حسینی ہے۔
جبکہ شہاب الدین شاہ حسینی ‘ شاہد قریشی و دیگر مقررین نے واقعہ کربلا کو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے حق و باطل میں تفریق کا معیار قرار دیا اور کہا کہ باطل حکمرانوں کے مضر اقدامات پر خاموشی بیعت یزید کے مترادف ہے۔
اسلئے عوام ملک و قوم اور عوام دشمن اقدامات کے ساتھ حکمرانوں کی کرپشن اور تحفظ کرپشن کیلئے یکسوئی و یکجوئی کیخلاف بھی آواز اٹھائیں اور ملک و قوم کی خاطر اپنی جان خطرے میں ڈال کر کسی بھی قسم کی ڈیل سے انکار اور پاکستان و عوام سے پیار کرنے والے مشرف کا ساتھ دیکر حکمرانوں کو بتادیں کہ پاکستانی عوام حق اور باطل میں تفریق کرنا جانتے ہیں۔