حکمران اسلامی نظام نافذ کریں، طالبان کو راضی کر لیں گے: پروفیسر ابراہیم

 Prof. Ibrahim

Prof. Ibrahim

پشاور (جیوڈیسک) طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ حکمران آئین کے مطابق ملک میں اسلامی نظام نافذ کریں تو طالبان کو آئین تسلیم کرنے کے لئے ہم راضی کر لیں گے۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے آئین میں قرآن و سنت کے مطابق تبدیلیوں کی سفارش کی مگر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پر ہمارے علمائے کرام اور قائدین نے دستخط کئے ہیں۔ آئین میں قرآن و سنت کے نفاذ کا ذکر کیا گیا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ سندھ فیسٹیول کیا آئین کے مطابق ہے؟ طالبان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی کے رکن رحیم اللہ یوسفزئی سے غیر رسمی رابطہ ہوا ہے لیکن اجلاس بلانے کے لئے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

چوہدری نثار نے ایک طرف فوج کو دفاعی کارروائی کا اختیار دیا ہے لیکن دوسری طرف مذاکراتی کمیٹیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مذاکرات کے بغیر امن قائم نہ ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

انہوں نے تحریک طالبان کے ترجمان شاہداللہ شاہد کے بیان پر کوئی تبصرہ کرنے سے معذرت کر لی۔