حکمران بھونڈے ہتھکنڈے چھوڑ کر عوا م کو تحفظ فراہم کریں، آل پاکستان مسلم لیگ

کراچی : آرٹیکل 6لگایا گیا تو پھراس کا اطلاق 12اکتوبر سے کرنا ہو گا اور 12اکتوبر کے اقدام کی وجوہات، ان حالات کے ذمہ داران اور12اکتوبر 1999ءکو عدالتی تحفظ فراہم کرنے والوں کو بھی کٹہرے میں لانا پڑے گا ۔ اس لئے حکمران مشرف کےخلاف انتقامی کاروائی کرنے کی بجائے قومی مطالبے پر توجہ دیں اور عوام کو بتائیں کہ راولپنڈی سانحہ کا ذمہ دار کو ن ہے، اس میں کونسی قوتیں ملوث ہیں اور حکمران ان قوتوں کے سامنے کیوں بے بس ہیں کہ قاتل و دہشتگرد آزادی سے عوام اور قومی کجہتی و ملی ہم آہنگی کاقتل عام کررہے ہیں اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ،سیکریٹری فائنانس شاہد قریشی ، سید وصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسےن سید نے فارن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران مشرف سے خوفزدہ ہیں اور مشرف کو ڈرا دھمکاکر ملک چھوڑنے پر مجبور کرنے کیلئے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی جیسے بھونڈے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں مگر مشرف اس بات کو واضح کرچکے ہیں کہ ان کے تمام اقدامات اس وقت کے وزیراعظم کی سمری اور پارلیمنٹ کی سفارش کے تحت آئین کے مطابق کئے گئے تھے اسلئے ان اقدامات کو غیر آئینی قرار نہیں دیا جاسکتا اور نہ ہی ان کا مقدمہ صرف پرویز مشرف پر نہیں چلایا جاسکتا بلکہ اگر آرٹیکل 6لاگو کیا گیا تو اس وقت کی پوری وفاقی کابینہ ، چاروں صوبائی حکومتیں اوراگران اقدامات کی سفارش و توثیق کرنے والے تمام سیاستدانوں کو بھی آرٹیکل 6کی زد میں لانا پڑے گا جو موجودہ قومی حالات میں ممکن نہیںہے مگرعوام کو تحفظ کی فراہمی میں ناکام حکمران بھونڈے ہتھکنڈوں پر اترے ہوئے ہیں اورسانحہ راجہ بازار راولپنڈی سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے مشرف کےخلاف آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کرکے اصل حقائق کی پردہ پوشی چاہتے ہیں۔