حکمران اپنے مخالفین کو کچلنے کیلئے سیاسی داعش کا کردار ادا کرنے سے گریز کریں، محمد جمیل

Lahore

Lahore

لاہور : پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ حکمران اپنے مخالفین کو کچلنے کیلئے سیاسی داعش کا کردار ادا کرنے سے گریز کریں، عدم برداشت اور ریاستی ہتھکنڈوں سے ملک میں خانہ جنگی کا خدشہ ہے۔

ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا ملک اسوقت سنگین بحرانوں میں گھرا ہوا ہے کرپشن، ہوشربا مہنگائی، بجلی کی قلت،بے روزگاری اور لاقانونیت جیسے مسائل نے عام آدمی کا سکھ چین لوٹ لیا مگر دھاندلی زدہ حکمران اپنا اقتداربچانے کیلئے بے دریغ قومی خزانہ لٹا رہے ہیں ،ہمیںملک کی سا لمیت اور یکجہتی ہر چیز سے زیادہ مقدم ہے۔

سیاسی مخالفین کیخلاف ریاستی جبروتشدد کے بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا پارلیمان کی تمام جماعتوں کو جمہوریت بچانے کے نام پر عوامی خواہشات اور امنگوں کے قتل عا م کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا،ملک میں مڈٹرم یا عام انتخابات ہوگئے تو میگا کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث پارلیمانی جماعتوں کو چھٹی کا دودھ یاد آ جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا پیپلز پارٹی نے حکومت کی فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ترک نہ کیا تو اسکی رہی سہی سیاسی ساکھ بھی خطرے میں پڑ جائیگی،مفاہمت کے نام پر قوم کو بیوقوف بنانے کی پالیسی اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکی ہے،پی پی پی کی موجودہ قیادت اپنے شہدا کے فلسفہ کو صحیح معنوں میں سمجھنے کی کوشش کرے۔