لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ممبر قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ دھاندلی سے متعلق مزید ثبوت سامنے آنے پر حکمران بوکھلا گئے، آئندہ دنوں میں مزید کچے چٹھے کھلیں گے ،وزیراعظم استعفیٰ دینے میں تاخیر کر کے باعزت رخصتی کا آپشن کھورہے ہیں،لاہور اور فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے خلاف نکلنے والی ریلیاں زیادہ بڑی تھیں، عمران خان نے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا تو پتا بھی نہیں ہل سکے گا۔
موجودہ حکمرانوں نے دھڑا دھڑ بیرونی قرضے لے کر اور بجلی، گیس ،پٹرول مہنگا کر کے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ناکام وزیر خزانہ خراب معیشت کا ملبہ احتجاجی دھرنے پر نہیں گراسکتے، جس دن وزیراعظم نے استعفیٰ دیا سٹاک مارکیٹ راکٹ کی طرح اوپر جائیگی، ہر سطح پر طاقت کے مظاہرے کے خبط کا شکار حکمرانوں کو عوام کی عدالت میں جھکنا پڑے گا۔گزشتہ روز اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں کوئی ایک جماعت بھی ایسی نہیں جو دھاندلی کی نفی کر رہی ہو، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نوشتہ دیوار پڑھیں اور عوام کے آگے سرتسلیم خم کر لیں۔