اسلام آباد (جیوڈیسک) لندن میں ڈاکٹروں نے وزیر اعظم کی صحت تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سفر کی اجازت دیدی ۔ نواز شریف آج وطن واپس پہنچیں گے ، کل وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوگا ۔ خاندانی ذرائع کی تصدیق کے ساتھ ہی تمام چہ میگوئیاں بھی دم توڑ گئیں ۔ چیک اپ ہوچکا ، تمام ٹیسٹ مکمل ، صحت بھی بہتر ، ڈاکٹروں نے وزیر اعظم کو سفر کی اجازت دے دی ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق نواز شریف آج برطانوی وقت کے مطابق صبح نو بجے لوٹن ایئرپورٹ سے وطن واپس روانہ ہونگے ۔ فلائٹ کا شیڈول بھی کنفرم کردیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں دعاؤں پر قوم کا شکریہ ادا کیا ۔ وطن واپسی سے پہلے سامنے آنے والی ایک تصویر میں وزیر اعظم کو خریداری کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان نے بھی نواز شریف کی آج واپسی کی تصدیق کی ہے ۔ وہ لندن سے براہ راست لاہور پہنچیں گے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کا شیڈول کنفرم ہوتے ہی ان کی واپسی سے متعلق کئی روز سے جاری تمام چہ میگوئیاں بھی دم توڑ گئی ہیں ۔ ادھر لندن کے چرچل ہوٹل میں وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ کی ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں اہم فیصلے کئے گئے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس بدھ کو ہوگا جس میں پاناما لیکس کمیشن کے معاملے پر اہم مشاورت ہوگی ۔ وفاقی وزراء اپوزیشن سے ہونے والے رابطوں قانونی ٹیم تحقیقاتی کمیشن پر وزیر اعظم کو بریفنگ دیگی ۔ وزیر اعظم کو تحریک انصاف کے متوقع احتجاجی پروگرام کے بارے میں بھی بتایا جائے گا ۔