رنز روکنے کے بجائے وکٹیں لینے کا فارمولا کامیاب رہا، وہاب ریاض

Wahab Riaz

Wahab Riaz

کولمبو (جیوڈیسک) وہاب ریاض نے کہا ہے کہ رنز روکنے کے بجائے وکٹیں حاصل کرنے کا پلان کامیاب رہا۔

جارحانہ بولنگ کی بدولت ہی سنگاکارا کو میدان بدر کیا، 3 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر ابتدا میں دباؤ کا شکار تھا لیکن پچ سے تھوڑی مدد ملنا شروع ہوئی تو ردھم میں آگیا۔ تفصیلات کے مطابق پیسر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ طویل وقفے کے بعد کسی بھی فارمیٹ میں عمدہ پرفارم کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے حوصلہ بڑھانے کیساتھ مفید مشورے بھی دیے، مینجمنٹ کی سپورٹ ہو تو کارکردگی میں بہتری لانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

میری پوری کوشش تھی کہ سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے بہترسے بہتر بولنگ کروں، تھوڑا وقت ضرور لیا لیکن جیسے ہی ردھم حاصل ہوا تو بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کیلیے عزم جوان ہو گیا، ٹیم کی پلاننگ کو ذہن میںرکھتے ہوئے سنگاکارا کیخلاف جارحانہ انداز اختیار کیا جس کی بدولت تجربہ کار بیٹسمین کی قیمتی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، دیگر کے مقابل بھی رنز روکنے کے بجائے وکٹ حاصل کرنے کی سوچ کیساتھ بولنگ کی، اسی لیے ابتدا میں زیادہ رنز دینے کے بعد کامیابیاں بھی ملی۔

پہلے دن کے اختتام پر انجیلو میتھیوز کی قیمتی وکٹ حاصل کرنے کے سوال پر وہاب ریاض نے کہا کہ میرا سادہ سا فارمولا تھا کہ حریف جتنا بھی مضبوط ہو اس کادباؤ لیے بغیر اپنی بہترین کوشش پر توجہ مرکوز رکھی جائے، انہوں نے کہا کہ جنید خان کیساتھ اسپنرز سعید اور عبدالرحمان بھی ہر طرح کی کنڈیشنز میں عمدہ پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، میری پوری کوشش ہو گی کہ سری لنکا کی آخری دونوں وکٹیں حاصل کرکے اپنے شکاروں کی تعداد 5 کر لوں۔