روپے کی قدر میں کمی، پٹرول، بجلی سمیت درآمدی اشیاء بھی مہنگی ہونے کا خدشہ

Inflation

Inflation

کراچی (جیوڈیسک) ڈالر مضبوط جبکہ روپیہ مسلسل کمزور ہو رہا ہے۔ صرف 2 روز کے دوران ڈالر کی قدر لگ بھگ 3 روپے بڑھ چکی ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے نے مہنگائی کو دعوت دے دی ہے۔ اب پٹرول، ڈیزل، کھانے کا تیل، دالیں، چائے، خشک دودھ اور دیگر اشیاء سب کچھ مہنگا ہو جائے گا۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے سے پٹرول اور ڈیزل 1 روپے فی لٹر مہنگا اور کھانے کے تیل کی قیمت 10 روپے فی لٹر تک بڑھ سکتی ہے۔ دالیں 5 سے 7 روپے مہنگی ہو سکتی ہیں۔ چائے کی پتی 10 روپے کلو اور بچوں کے خشک دودھ کا ڈبہ 25 سے 30 روپے تک مہنگا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ رواں ماہ کے اختتام تک الیکٹرونکس آئٹمز، موٹر سائکل اور گاڑیاں مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

ڈالر کی قدر میں اضافے سے جہاں ایک طرف تو مہنگائی میں اضافہ ہو گا وہیں ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ بھی بڑھے گا۔ ڈالر کی قدر میں حالیہ اضافے سے غیرملکی قرضوں میں اب تک 300 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔