کراچی (جیوڈیسک) روپے کی مسلسل بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک مرتبہ پھر انٹر، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہو گیا۔
کاروبار کے لین دین کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہوا جس کے بعد یہ ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 150 روپے تک پہنچ گیا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریداری قیمت 148 روپے ہے، گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 146 اور قیمت فروخت 148 تھی۔
انٹر بینک میں کاروبار کے دوران ڈالر 2.48 روپے مہنگا ہو کر 149 روپے کا ہوگیا جب کہ انٹر بینک میں ڈالر کی خریداری قیمت 147 روپے ہو گئی۔
گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر مجموعی طور پر 5.13 روپے اضافے کے بعد 146.52 پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کے دوران منفی رجحان دیکھا گیا جہاں 100 انڈیکس 648 پوائنٹس کم ہو کر 33 ہزار 322 کی سطح تک آ گیا۔
واضح رہےکہ حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدے سے قبل ڈالر کی قدر 141 سے 142 روپے کے درمیان تھی اور آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ڈالر کی قدر میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔