مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) دیہی مرکز صحت کے ایکسرے ٹیکنیشن کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں، سینئر ڈاکٹر بے بس ہو گئے، مریضوں کو ایکسرے کے لیے گھنٹوں انتظار کرانا اور بدتمیزی سے پیش آنا معمول بنا لیا۔
اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں سیاسی و سماجی حلقوں کا مطالبہ۔ بتایا گیا ہے کہ دیہی مرکز صحت مصطفی آباد میں تعینات اقبال احمد نامی ایکسرے ٹیکنیشن نے اپنی ڈیوٹی سے اکثر غائب رہنا معمول بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں ایکسرے کروانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اگر مریض کے لواحقین اسے ہسپتال کے کسی کمرے سے ڈھونڈ نکالیں تو ان سے بدتمیزی سے پیش آنا اس نے معمول بنا رکھا ہے ۔ہسپتال کے انچارج سمیت تمام سینئر ڈاکٹر اس کے آگے بے بس ہیں ۔مصطفی آباد کی سیاسی و سماجی تنظیموں اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،ڈی سی قصور،ای ڈی او ہیلتھ سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام سے مذکورہ ایکسرے ٹیکنیشن کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر نے کی اپیل کی ہے۔