واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام میں انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کے لیے شامی فوج اور بشار الاسد کی معاون روسی فوج پر شہریوں پر بمباری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق کولمبیا میں اپنی ہم منصب ماریا انگیلا ہولگوین کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ روسی اور شامی افواج کو شام میں نہتے شہریوں پر بمباری کا سلسلہ بند کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ روسی فوج کو نہ صرف خود حملے بند کر دینے چاہئیں بلکہ اسے شامی حکومت پر اپنا اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے سرکاری فوج کو بھی بمباری سے روکنے کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔
ادھر شام کے محاذ جنگ سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج کے محاصرے کے باوجود حلب کی جنوبی سمت سے اپوزیشن کی نمائندہ فوج نے اہم پیش رفت کی ہے۔