انقرہ (جیوڈیسک) ترکی کی حکومت کی جانب سے روس کو خبردار کئے جانے کے باوجود فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ترک حکومت شدید برہم ہے جب کہ صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ روس نے اب سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی تو اسے بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ روسی طیاروں کی ترک فضائی حدود کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی جب کہ روسی مہم جوئی سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوں گے بلکہ روس کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے کئی اہم معاملات پر روس کے ساتھ تعاون کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اگر اب فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تو نہ روس نہ صرف دوست ملک کھو بیٹھے گا بلکہ اسے بہت بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب روسی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ شام میں داعش کے خلاف سرگرم روسی جنگی طیاروں کی جانب سے ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم ترکی کی جانب سے تازہ الزامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ روسی جنگی طیاروں کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کو دو مرتبہ ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی جس پر ترک حکومت نے روسی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایاتھا۔