ہوانا (جیوڈیسک) کیوبا کے انقلابی رہنما فیڈل کاسترو نے کہا ہے کہ روس اور چین نئے عالمی نظام کی قیادت کریں تاکہ بنی نوع انسان کی بقا کو یقینی بنایا جاسکے۔
رپورٹس کے مطابق انقلابی رہنما کا کہنا تھا کہ روس اور چین نئے عالمی نظام کی قیادت سنبھالیں، اگر دونوں ملک آگے نہ آئے تو سامراجیت کی بنیاد پر نئی جنگ شروع کر دی جائے گی جس کے نتیجے میں بنی نوع انسان کی بقا خطرے میں پڑ جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک لاطینی امریکہ اور بحیرہ کیریبیئن کے ممالک کی سائنسی، تکنیکی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ چینی صدر ژی جن پنگ نے دورہ کیوبا کے دوران دو دن قبل فیڈل کاسترو کیساتھ ملاقات کی تھی، قبل ازیں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی کیوبا کا دورہ کیا تھا اور فیڈل کاسترو کے ساتھ ملاقات کی تھی۔
فیڈل کاسترو نے روس اور چین کے سربراہوں کے کیوبا کے دوروں کو تاریخی قرار دیا ہے۔