روس (اصل میڈیا ڈیسک) روس کے صدارتی ترجمان دیمیتری پیسکوف نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کے ساتھ تعلقات میں خرابی پر مبنی ہر قسم کی کوششوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
پیسکوف نے ماسکو میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ روس کسی بھی ملک کے لیے خطرہ نہیں ہے مگر ہمارے خلاف جارحانہ عزائم اور سازشوں پر خاموش بھی نہیں رہا جا سکتا۔
روسی ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کا ہمیں کوئی شوق نہیں لیکن اس کا مطلب یہ ہر گر نہیں کہ روس، امریکہ سمیت دیگر ممالک کی دھمکیوں اور اپنے ملکی مفادات کے خلاف سازشوں پر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا رہے گا۔
وزیر خارجہ سرگی لیوروف کی طرف سے روس کے خلاف امریکی پابندیوں کے فیصلے کو احمقانہ قرار دینے کی حمایت میں پیسکوف نے کہا کہ لیوروف کے اس بارے میں تمام بیانات حق بجانب ہیں۔
واضح رہے کہ روسی وزیر خارجہ نے قازقستان کے دورے کے دوران اپنے ایک بیان میں امریکی پابندیاں لگانے کے خلاف کہا تھا کہ واشنگٹن انتظامیہ کی ہر روس مخالف دشمنانہ پالیسیوں کا جواب دیا جائے گا۔
لیوروف نے مزید کہا تھا کہ روس اوپن اسکائیز معاہدے سے دستبردار ہونے کا آغاز کر چکا ہے جبکہ امریکہ کا اس معاہدے پر کاربند رہنے یا نہ رہنے کا معاملہ غیر واضح ہے ۔