اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیت نے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روس کے مطالبات مان لیں تاکہ یوکرین میں جاری خونی تنازع ختم ہو سکے۔
ایک فون کال میں بینیت نے زیلنسکی سے کہا ہے کہ میں آپ کی جگہ ہوتا تو میں کئی لوگوں کی زندگیوں کے بارے میں سوچتا اور روس کی پیشکش قبول کر لیتا۔ تاہم، یوکرین اور اسرائیل کے حکام نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔
دوسری جانب یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے ہمیں ہتھیار ڈالنے کا مشورہ دیا ہے لیکن ہمارا صدر پوتن کے مطالبات قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
اسرائیلی اخبار ہاریتز کی ایک رپورٹ میں نامعلوم یوکرینی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم مذاکرات اور ثالثی کے نام پر روس پر پابندیاں عائد نہ کرنے یا یوکرین کو عسکری امداد فراہم نہ کرنے کا بہانہ تلاش کر رہے ہیں، نفتالی بینیت کو چاہئے کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان ڈاک خانے کا کردار ادا کرنے کی بجائے کچھ زیادہ کریں۔