ماسکو (جیوڈیسک) ماسکو امریکہ کو مطلوب خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کو ماسکو کے ہوائی اڈے سے باہر جانے کا سرکاری اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ روس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ اجازت نامہ ملک کی وفاقی مائیگریشن سروس نے جاری کیا ہے جو ایک وکیل کے ذریعے سنوڈن کے حوالے کیا جائے گا۔
سنوڈن تئیس جون کو ہانگ کانگ سے ماسکو کے شیریمتییوو ہوائی اڈے پہنچے تھے اور تب سے وہ اس کے ٹرانزٹ لانج میں قیام پذیر ہیں۔ حالات پر مستقل نظر رکھنے والے ایک ذریعے نے روسی خبر رساں ادارے انٹر فیکس کو بتایا کہ سنوڈن آئندہ چند گھنٹے میں ہوائی اڈے سے جا سکتے ہیں۔