روس اور یورپی یونین کا سربراہی اجلاس کسی بڑی پیش رفت یا معاہدہ کے بغیر ہی ختم ہو گیا ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق فریقین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے درمیان موجود اختلافات کو کم کر کے پیش کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران باہمی تجارت میں اضافے پر اتفاق کے ساتھ ساتھ شام کے مسئلے کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس اجلاس میں یورپی یونین کی نمائندگی یورپی کونسل کے صدر ہیرمان فان رومپوئے اور یورپی کمشن کے سربراہ یوزے مانوئل باروسو نے کی۔ اس موقع پر روسی صدر ولادیمر پوٹن نے کہا کہ شام کے موضوع پر عالمی کانفرنس کے لیے یورپی یونین کی حمایت ہمیں متحد کرتی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ شامی باغی متحد اور منظم نہیں ہیں اور روس ان میں سے کچھ کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا۔