ماسکو (جیوڈیسک) روس کے شہر یاروسلوو کے ایک رہائشی علاقے میں گیس کے دھماکے سے 4 افراد ہلاک جب کہ 9 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے وسط میں آباد شہر یاروسلوو کے رہائشی علاقے کے ایک فلیٹ میں اچانک زوردار دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں فلیٹ کی دیواریں گر گئیں اور اطراف کے 15 گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
مقامی انتظامیہ نے واقعے کے نتیجے میں اب تک 4 افراد کی ہلاکت جب کہ 9 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے، اس کے علاوہ ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ گیس دھماکے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم واقعے میں مجرمانہ زاویے سے بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ روس میں گیس کے دھماکے روز کا معمول ہیں، گزشتہ برس دسمبر میں روس کے ایک شہر وولواگراد میں اسی نوعیت کے دھماکے میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔