روس کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

Ballistic Missiles Experienced

Ballistic Missiles Experienced

ماسکو (جیوڈیسک) روس نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ روسی وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق ایک ٹوپول آر ایس 13 ایم میزائل کو مقامی وقت کے مطابق رات دس بج کر دس منٹ پر بحیرہ کیسپیئن کے قریب واقع کپستن یار تجرباتی رینج سے قزاقستان میں واقع ساری شگن رینج کی جانب داغا گیا۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ اسے اس تجربے کے بارے میں پہلے ہی مطلع کر دیا گیا تھا۔ امریکی محکمہ دفاع کے ایک افسر نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہمیں اس بارے میں ہفتے کے آغاز پر بتایا گیا تھا۔ یہ غیر متوقع عمل نہیں تھا۔

روسی حکام کے مطابق میزائل نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس تجربے کا مقاصد ملک کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا اور مذکورہ میزائل نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق اگرچہ اس قسم کے تجربات کا منصوبہ بہت پہلے بنایا جاتا ہے لیکن موجودہ حالات میں یہ کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔