روس کی فوجی تنصیب میں دھماکا، پانچ افراد ہلاک

Blast in Russia's Military Installation

Blast in Russia’s Military Installation

روس (جیوڈیسک) شمال مغربی روس میں واقع ایک فوجی تنصیب میں ایک تجرباتی انجن دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

روس کی جوہری ایجنسی روس ایٹم نے تصدیق کی ہے کہ اُس کے پانچ ملازمین ایک راکٹ تجربے کے دوران ہونے والے پراسرار دھماکے میں حادثاتی طور پر ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایجنسی کے مطابق اس کے تین دیگر ملازمین کو جھلسنے سمیت مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ یہ دھماکا شمالی روس میں واقع ایک فوجی تنصیبات کے علاقے آرچان گیلسک (Archangelsk) کے ایک مقام پر ہوا۔

روسی نیوز ایجنسی ریا نے جوہری ایجنسی کے توسط سے بتایا کہ دھماکا ایک راکٹ انجن میں دھرے سیال مادے میں ہوا۔ روسی حکام نے اس دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ابتدا میں صرف دو بتائی تھی۔

امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ شمالی روس میں روسی جوہری تنصیبات کے مقام پر ہونے والے حادثاتی دھماکے کے بعد جوہری شعاعوں کا اخراج بھی ہوا تھا۔

اندازوں کے مطابق یہ دھماکا جوہری توانائی سے چلنے والے کروز میزائل کی تیاری کے دوران ہوا۔ اس دھماکے کے مقام کے قریبی شہر سیویروڈونسک (Severodvinsk) کی ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ جمعرات آٹھ اگست کی دوپہر میں شہر کے اندر تابکار شعاؤں میں اضافہ پایا گیا تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ جمعہ نو اگست کو یہ بیان شہر کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم روسی سفارت خانے کی جانب سے امریکی ماہرین کے بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔