کراچی (جیوڈیسک) روس نے پاکستانی فوڈ پروڈکٹس کی درآمد پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے، دو کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے پھل برآمد کرنے والی کمپنیوں کو فائدہ ہو گا۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے باعث روس نے پاکستانی فوڈ پروڈکٹس کی برآمد پر عائد پابندی 24 فروری سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں روسی وفد نے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا جس میں پاکستانی زرعی مصنوعات کی درآمد اور دونوں ممالک کے درمیان اس شعبے میں ہونے والے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پھلوں کے برآمد کنندگان کو فائدہ ہو گا جبکہ پاکستانی سفارت خانے کی کوششیں جاری رہنے سے آلو کی برآمد پر عائد پابندی بھی جلد اٹھائے جانے کا امکان ہے۔