اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں روسی سفیر الیکسے دیدف نے کہا ہے کہ روس پاکستان کو جدید ترین لڑاکا گن شپ ہیلی کاپٹر ایم آئی 35 (MI35) فراہم کرے گا۔
پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیكسے دیدف کا کہنا تھا کہ روس پاکستان کو جدید ترین لڑاکا گن شپ ہیلی کاپٹر ایم آئی 35 (MI35) فراہم کرے گا، حکومتی سطح پر اس معاہدے کی منظوری دی جا چکی ہے تاہم معاہدے کی دیگر تفصیلات کے بارے میں مذاکرات جاری ہیں، ایم آئی 35 ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کا معاہدہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے انتہائی مفید ثابت ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان روس سے ماضی میں اسی نوعیت کے ہیلی کاپٹر اور دیگر فوجی سازو سامان خریدتا رہا ہے تاہم افغانستان میں روسی افواج کے داخلے اور افغان جنگ شروع ہونے کے بعد روس نے پاکستان کو فوجی سازو سامان کی فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم کچھ ماہ قبل روس نے یک طرفہ طور پر اس پابندی کو اٹھا لیا تھا۔