اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ تجارت، توانائی ، دفاع اور سلامتی سمیت متعدد شعبوں میں فروغ پاتے تعلقات ہمارے لئے باعث طمانیت ہیں۔
روس کے وزیر خارجہ سرگے لاوروف پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں ۔
لاوروف کی پاکستان میں مصروفیات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے دارالحکومت اسلام آباد میں وزارت اعظمی آفس میں ان کے ساتھ ملاقات کی۔
ملاقات میں انہوں نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ترجیحی حیثیت حاصل ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، توانائی، دفاع اور سلامتی سمیت متعدد شعبوں میں فروغ پاتے باہمی تعلقات پر ہمیں نہایت مسرت ہے۔
وزیر اعظم خان نے پاکستان میں متوقع گیس پائپ لائن سمجھوتے کی قانونی کاروائی کی سرعت سے تکمیل اورمنصوبے پر کام کے فوری آغاز کے بارے میں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
افغانستان میں امن مرحلے کا بھی ذکر کرتے ہوئے انہوں سیاسی مفاہمت کی اہمیت کی طرف توجہ مبذول کروائی اور افغانستان میں امن کی حوصلہ افزائی کے لئے روس کے کردار کو سراہا ہے۔
وزیر اعظم نے جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور کہا ہے کہ مسئلہ جموّں و کشمیر کا پُر امن شکل میں حل ہونا ضروری ہے۔
مذاکرات میں مغربی ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور ایشیاء پیسیفک کے حالات پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے روس کے صدر ولادی میر پوتن کو بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔