روس نے سلامتی کونسل کو یرغمال بنا رکھا ہے، امریکا

U.S.

U.S.

امریکا (جیوڈیسک) نے الزام لگایا ہے کہ شام کے مسئلے پر روس نے سلامتی کونسل کو یرغمال بنارکھا ہے، روسی صدرپوٹن نے شام کو جی ٹوئنٹی کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے۔ ترکی نے بڑی تعداد میں فوج شامی سرحد پرتعینات کر دی ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سمانتھا پاور نے شام کی حمایت پر روس کو کڑی تنقید کانشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے۔

کہ روس نے سلامتی کونسل کو یرغمال بنارکھا ہے، شام کو ظالمانہ اقدامات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب روسی صدرپوٹن نے شام کے مسئلے کو جی ٹوئنٹی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے۔ روس کے تین جنگی بحری جہازبھی ترکی کے قریب آبنائے باسفورس عبورکر کے شام کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

ترکی نے شام کی سرحد پر بھاری تعداد میں فوج تعینات کر دی ہے۔ ادھر شام میں سرکاری فوج اور باغیوں میں شدید لڑائی جاری ہے۔ کئی مقامات پر شامی فوج نے باغیوں کے ٹھکانوں پر قبضہ کر لیا۔ چینی حکام نے کہا ہے کہ شام کے بحران کا کوئی فوجی حل قابل عمل نہیں، شام کا مسئلہ پر امن طور پر مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہئے۔ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ شام پر حملہ امریکا کی بہت بڑی غلطی ہو گی۔ شام میں فوجی کارروائی ہوئی تو خطے سمیت پوری دنیا کاامن خطرے میں پڑ جائے گا۔