اسلام آباد (جیوڈیسک) ماسکوائرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں میں سے 40 سے زائد واپس اسلام آباد پہنچ گئے ،100 سے زائد پاکستانی تاجر کاروبار کے سلسلے میں ویزے لگواکر ماسکو پہنچے تھے ، ایک ہی دستاویز پر چند ایک پاکستانیوں کو تو ایئر پورٹ سے باہر جانے دیا لیکن لگ بھگ 140 پاکستانیوں کو روک لیا گيا۔
پاکستانی تاجروں کا مؤقف ہے کہ ہمیں سیکورٹی فورسزنےروک گیا جبکہ وہ روس میں سالانہ کنونشن میں شرکت کیلیے آئے تھے۔
دستاویزات پر باہر آنے والے پاکستانی عبدالواحد نے بتایا کہ ویزے تو سب کے پاس تھے ، نہیں معلوم کس وجہ سے باقی افراد کو روکا گیا ۔عبدالواحد کےمطابق ایئر پورٹ حکام اور پاکستانیوں کاایک دوسرے کی زبان سے واقف نہ ہونا بھی صورتحال کو واضح کرنے میں رکاوٹ بنا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانیوں کو روکے جانے کی صرف ممکنہ وجہ یہ محسوس ہوتی ہےکہ پاکستانیوں کے پاس ہوٹل کی کنفرم بکنگ نہيں تھی ، روسی حکام کے مطابق ہوٹل کے لیے 100 فیصد پے منٹ ہونا ضروری ہے۔
میڈيا پر رپورٹس نشر ہونے کےبعد دفتر خارجہ بھی حرکت میں آيا اور روسی حکام سے رابطہ ہوا ، جس کے بعد پاکستانیوں کو چھوڑنے کا فیصلہ ہوا ، پہلے مرحلے میں 40 پاکستانیوں کو ترکش ایئر لائنز کے ذریعےاسلام آباد بھیجا گیا ، دوسرے مرحلے میں دیگر افراد کو پاکستان بھیجنے کے انتظامات کیے گئے۔