واشنگٹن (جیوڈیسک)امریکا نے روس اور ترکی پر زور دیا ہے کہ وہ طیارہ تنازع ختم کرکے داعش کے خاتمے پر توجہ مرکوز کریں جو اصل دشمن ہے ۔
ادھر امریکی وزیر دفاع نے شام میں داعش کے خلاف کارروائی کے لیے اسپیشل فورس بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔
پیرس میں ترک صدر رجب طیب اردان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر باراک اوباما نے کہا کہ وہ یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ترکی نیٹو کا اتحادی ہے۔ ترکی کو اپنی فضائی اور سرحدی حدود کی حفاظت کا حق ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب کو داعش کی صورت ایک مشترکہ دشمن کا سامنا ہے اور اس خطرے کے خلاف ہم سب کو اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔
ادھر وزیردفاع نے کانگریس کی آرمڈ سروسزّ کمیٹی کو بتایا کہ شام اور عراق میں داعش کے خلاف کارروائی کے لیے مزید اسپشل آپریشنز فورسز بھیجی جارہی ہیں اور عراق میں تعینات اسپیشل دستے شام میں یکطرفہ کارروائیوں کرنے کے مجاز ہوں گے۔ تاہم انہوں نے فوجیوں کی تعداد کا ذکر نہیں کیا ۔