کیف (جیوڈیسک) اس معاہدے میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ یورپی یونین کو یوکرائن کے راستے فراہم کی جانے والی گیس کی فراہمی بھی محفوظ رہے گی۔ یورپی کمشن کے صدر ہوزے مینوئل باروسو نے اس موقع پر کہا کہ کوئی وجہ نہیں ہے کہ یہ سردیاں میں یورپ کے لوگوں کو ٹھنڈ میں گزارنا پڑیں۔
یورپی یونین کے توانائی کے سربراہ گونتھر اوٹنگر نے یقین ظاہر کیا کہ یوکرائن کے پاس اپنی ضرورت کی گیس خریدنے کے لئے رقم موجود ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ یوکرائن اور روس کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لئے امید کی پہلی کرن ثابت ہو سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ براعظم یورپ کی مشترکہ توانائی کے تحفظ کے لئے بہت اہم قدم ہے۔ یہ معاہدہ یورپی یونین کے عہدیداروں اور روسی اور یوکرائنی وزرائے توانائی کے درمیان مہینوں کی بات چیت کے بعد طے پایا ہے۔ اس کی شرائط میں یہ شق شامل ہے کہ یورپی یونین یوکرائن کی روس سے گیس کی خریداری اور اپنے واجب الادا قرضوں کی ادائیگی میں ضامن کا کردار ادا کرے گی۔