روس کا یوکرین کی سرحد سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا حکم

Army

Army

ماسکو (جیوڈیسک) روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے یوکرین کی سرحد کے قریب تعینات فوج واپس بلانے کا حکم دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کے ایوان صدر ’’کریملن‘‘ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ولادی میر پوٹن نے یوکرین کے علاقوں روستوف، بیلگرود اور بریانسک میں تعینات روسی فوجی دستوں کو اپنے فوجی اڈوں میں واپس جانے کا حکم دیا ہےتاہم امریکا اور نیٹو کا کہنا تھا روسی فوجوں کی واپسی کا عمل شروع ہونے پر ہی اس بات کا یقین کیا جاسکتا ہے کیوں کہ روس اس سے قبل بھی اس طرح کے اعلانات کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ روس کو 40 ہزار فوجی یوکرین کی سرحد کے قریب تعینات کرنے پر مغربی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے جب کہ امریکا، جرمنی اور فرانس سمیت کئی یورپی اور مغربی ممالک مطالبہ کر رہے تھے کہ روس حالات معمول پر لانے کے لئے فوجیوں کو فوری واپس بلائے جبکہ روسی اقدام کی وجہ سے اس کے یوکرین کے ساتھ سفارتی تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہیں۔