کیف (جیوڈیسک) یوکرین کے صدر پیٹرو پروشینکو کا کہنا ہے کہ کیف اور ماسکو سیز فائر کے حوالے سے ایک معاہدے پر رضا مند ہو گئے ہیں۔
یوکرین کے صدر پیٹرو پروشینکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر ولاد میر پیوٹن کے ساتھ مشرقی یوکرین کے معاملے پر سیز فائر کے معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے کشیدہ ماحول کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی تاہم اس معاہدے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی جا سکتی۔
یوکرین حکومت سے برسریپیکار روس نواز علیحدگی پسندوں کی جانب سے اس معاہدے کے حوالے سے تاحال کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم علیحدگی پسندوں نے جون میں یوکرین کے صدر کی جانب سے 10 روزہ جنگ بندی کو مسترد کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ یوکرین اور مغربی ممالک کی جانب سے روس کی جانب سے کیف کی سرحد پر اپنے فوجیوں کو بھیجنے اور علیحدگی پسندوں کو اسلحہ فراہم کرنے کے حوالے سے شدید تنقید کا نشانا بنایا تھا جب کہ ماسکو کی جانب سے تمام الزامات کو مسترد کیا جاتا رہا ہے۔
مشرقی یوکرین میں حکومتی فورسز اور روس نواز علیحدگی پسندوں کے درمیان اپریل سے جاری جھڑپوں میں اب تک 1500 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔