واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ شام میں اپوزیشن کے خلاف روسی فضائی کارروائیاں ملک سے خانہ جنگی کے خاتمہ کےلئے مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کو پٹری سے اتار سکتی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق اپنے مصری ہم منصب سمیع شوقری کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ پہلے ہی برملا اس بات کا اظہارکرچکے ہیں کہ حلب اور آس پاس کے علاقوں میں جاری روسی فوجی سرگرمیاں سنجیدہ بات چیت کے دوبارہ آغاز میں شدید مشکلات پیدا کررہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں فوری جنگ بندی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متاثرین تک امداد کی فراہمی کی کوششوں میں ہمارے ساتھ شامل ہو۔ بعد ازاں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا کہ شام میں جنگ بندی کے لئے ثالثی کی کامیابی بارے میونخ مذاکرات فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔