روسی مخالفت کے باوجود یوکرین، جارجیا ،مالدووا اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کا معاہدہ

European Union

European Union

برسلز (جیوڈیسک) روس کی شدید مخالفت کے باوجود یوکرین، جارجیا اور مالدووا نے یورپی یونین کے ساتھ تعاون کا معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت تینوں ممالک سیاسی اور معاشی طور پر یورپی یونین کے قریب تر آجائیں گے۔

یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشنکو نے یورپی یونین کے ساتھ معاہدے کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ 1991 میں ملک کی آزادی کے بعد ایک تاریخی قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاہدے پر دستخط کو یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت کی جانب پہلا قدم سمجھتے ہیں۔ یہ معاہدہ ایک دوسرے پر یقین اور مصمم ارادے کی علامت ہے۔

یورپین کونسل کے صدر نے بھی معاہدے کو یورپ کے لیے ایک عظیم دن سے تعبیر کرتے ہوئے تینوں ممالک کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج یورپ پہلے سے کہیں زیادہ آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے میں ایسی کوئی چیز نہیں جس سے روس کو کسی بھی قسم کا کوئی نقصان پہنچے گا۔