ماسکو (اصل میڈیا ڈیسک) روسی صدر ویلادیمیر پوتن نے امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے امن اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کو اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے صدر ویلادیمیر پوتن نے ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کو امریکا کا نیا صدر منتخب ہونے پر ایک ماہ سے زئد کا عرصہ گزرنے کے بعد بالآخر مبارک باد دیدی۔
روسی صدر نے اپنے بیان میں امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میری جانب سے آپ کو تمام تر تعاون حاصل رہے گا۔ دنیا کے امن کے لیے ہمیں تمام اختلافات کو بھلا دینا چاہیئے۔
صدر پوتن نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے مسائل مذاکرات کی میز پر حل کرلینا چاہیئے۔ دنیا اس وقت ایک خطرناک وبا کا سامنا کررہی ہے جس سے باہمی اتفاق اور اتحاد سے لڑا جا سکتا ہے۔
روسی صدر پوتن نومنتخب امریکی صدر کو مبارکبا دینے والے اُن چند عالمی رہنماؤں میں سے ہیں جنہوں نے تاخیر سے کام لیا اور خود ٹرمپ نے بھی اپنے حریف کی فتح کو تسلیم کرنے میں بخل سے کام لیا ہے۔
واضح رہے کہ روسی صدر نے ٹیلی وژن انٹرویو میں صدر جوبائیڈن کی فتح کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک مخالف جماعت اور انتخابی ادارے فتح پر مہر ثبت نہیں کردیتے وہ مبارکباد نہیں دیں گے۔