سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے کارپوریٹ سیکٹراور کیپیٹل مارکیٹ پرعائد ٹیکسوں کے حوالے سے بجٹ تجاویزایف بی آرکو ارسال کردیں۔ ایس ای سی پی کے مطابق تجاویز کا مقصد ٹیکسوں کی شرح کو نجی شعبے کی ترقی میں معاون بنانا ہے، بجٹ تجاویز میں کارپوریٹ سیکٹر پر عائد ٹیکس کی شرح میں کمی کی سفارش کے ساتھ اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کو رعایتیں دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
اسٹاک مارکیٹ سے ڈی لسٹنگ کی صورت میں مالکان کمپنی کے نوے فیصد حصص کا دعوی کر سکیں گے۔ ایس ای سی پی نے رضاکارانہ پنشن سکیم کے تحت چالیس سال سے زائد عمر کے افراد کو حاصل ٹیکس چھوٹ کی مدت دو ہزار سولہ سے بڑھا کر دو ہزار اکیس کرنے کی بھی تجویز دی ہے ، ملک میں سونے کی غیرقانونی درآمد کی حوصلہ شکنی کے لئے، ایس ای سی پی نے فی دس گرام سونے کی درآمد پر عائد ڈیوٹی کودرآمدی ڈیوٹی کے ایک فیصد کے بجائے پچیس روپے فی دس گرام کرنے کی تجویزدی ہے۔