سوئی سدرن گیس کمپنی میں عارضی طور پر گزشتہ 20سالوں سے ڈرائیور کے عہدے پر کام کرنے والے شخص کے بچوں کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔
حیدرآباد پریس کلب کے سامنے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ملازم پیر بخش بگھیو کے بچوں نے اپنے والد کی ملازمت کو مستقل کئے جانے کیلئے 17ویں روز بھی علامتی بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھا، اس موقع پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے بچوں کا کہنا تھا کہ 2008 سے 2013 تک سوئی سدرن گیس کمپنی میں سفارش اور مبینہ طور پر رشوت کے عیوض کثیر تعداد میں لوگوں کو ملازمتوں پر بھرتی کیا گیا۔
لیکن انتہائی ایمانداری کے ساتھ گزشتہ 20 سال سے اپنے فرائض انجام دینے کے باوجود ان کے والد کو مستقل نہیں کیا گیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے والد کو ملازمت پر مستقل کیا جائے بصورت دیگر وہ خود سوزی پر مجبور ہونگے۔