لاہور (جیوڈیسک) خواجہ سعد رفیق پھر مخالفین پر برس پڑے۔ آصف زرداری پر سینیٹ الیکشن کیلئے ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا دیا، عمران خان کو اپنی اصلاح کا مشورہ بھی دے دیا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان کو للکارتے ہوئے خواجہ سعد رفیق بولے، چوہوں پر قابو پانے میں ناکام لوگ کیا شیروں کا مقابلہ کریں گے؟ انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان کو کس نے بتایا کہ نواز شریف کو سزا ہو گی؟
وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو ہوا اور جو ہو رہا ہے، اگر بتا دیں تو باقی کیا بچے گا؟ عدلیہ ہو یا کوئی اور، کسی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتے، عمران خان عدالتوں کے خود ساختہ ترجمان بن جاتے ہیں۔
لاہور کا جلسہ اسی لئے ناکام ہوا کہ لوگوں کو زیادہ دیر بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا، نواز شریف اب وزیر اعظم نہیں لیکن پھر بھی پہلے سے زیادہ مقبول ہیں، ساڑھے 4 سال کے دوران نون لیگ پر کئی حملے کئے گئے، کبھی ووٹ چوری کرنے کا تو کبھی کچھ اور کرنے کا الزام لگایا گیا، دانشمندوں کو چاہئے کہ وہ ہوشمندی سے معاملات کو ٹھیک کریں۔