سارک کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم کو بھی پاکستان مدعو کیا جائے گا، دفتر خارجہ

Dr. Mohammad Faisal

Dr. Mohammad Faisal

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ سارک کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی پاکستان مدعو کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کشمیر کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھا جانا ہماری ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صدی میں سفارتکاری مکمل تبدیل ہوچکی ہے اور اب پالیسیاں عوامی امنگوں اور خواہشات کے مطابق بنتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق سارک کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان مدعو کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور عالمی سطح پر ہرطرح سے اجاگر کیا جارہا ہے اور کشمیر پر انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ ایک کامیابی ہے جس میں کشمیر میں جاری مظالم کا احاطہ کیا گیا ہے، برطانوی پارلیمانی کشمیر گروپ نے بھی رپورٹ شائع کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا خطاب میں کہنا تھا کہ ناروے کے سابق وزیر اعظم نے چند روز قبل مقبوضہ اور آزاد کشمیر کا دورہ کیا ہے، ناورے کے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہمارا مؤقف یہ ہے کہ مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کیا جائے اور بھارت اب تک مذاکرات سے ہچکچا رہا ہے اور بھاگ رہا ہے۔