اسلام آباد(جیوڈیسک) ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف 26 اور 27 نومبر کو سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کی سیکورٹی اور پروٹوکول کی ذمہ داری ہم خود اٹھائیں گے کسی دوسرے ملک کی گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کے سیکورٹی سٹاف نے کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی بھارتی ہم منصب کے ساتھ ملاقات طے نہیں۔ وزیراعظم کی صرف میزبان ملک کی قیادت سے ملاقاتیں طے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے 55 ہزار سے زائد شہری شہید ہوئے۔ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن ان کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف معاشرتی عدم مساوات نہیں بلکہ غربت بےروزگاری سمیت دیگر مسائل نے بھی دہشت گردی کو ہوا دی۔ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین نے ایل اوسی کا دورہ کیا ہم نے مبصرین کو بھارتی جارحیت سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کروایا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے منظم حملے نہیں ہوئے۔