سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈ نے مقامی حکومتوں کا نظام قائم کرنے کے لئے رابطہ مہم کا اعلان

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈ نے مقامی حکومتوں کے نظام کے قیام کے لئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا ،پہلے مرحلے میں عوامی رابطہ مہم کے ذریعے رائے عامہ ہموار کیا جائیگا۔

سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈکے چیئر مین عالم علی نے کہا ہے کہ فعال اور با اختیار بلدیاتی اداروں کا قیام ہی امن ،ترقی ،خوشحالی اور معاشی استحکام کی ضمانت ہے اگر بلدیاتی نظام اور بلدیاتی انتخابات سیاست کی نذر ہوگیا تو پھر عوام کے مقدر میں مسائل ہی رہ جائیں گے اور شہری اور دیہی علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے رہیں گے انہوں نے کہاکہ مقامی حکومتوں میں مقامی نمائندگی کے ذریعے ہی مسائل کا خاتمہ عوام کو درپیش روز مرہ شکایات کا ازالہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

چیئرمن عالم علی نے کہاکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ کیمونٹی ڈیولپمنٹ کو فروغ دیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں اور علاقائی ترقی کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر عمل درآمد کرکے نچلی سطح عوام کو با اختیار بنا یا جائے سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈ کے چیئر مین عالم علی نے کہاکہ آبادی کے تناسب کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں کی جائیں اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا یا جائے اور بلدیاتی انتخابات سے قبل تمام ٹکٹ ہولڈرز کو بلدیاتی امور کی انجام دہی سے متعلق تربیتی کورس کا اہتمام کیا جائے۔

عالم علی نے کہاکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات اہمیت کا حامل ہے انہوں نے سیاستدانوں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ دھاندلی اور کمیشن کے واویلا سے بچنے اور بہتر عوامی نمائندگی کے لئے انتخابی اصلاحات کو یقینی بنا یا جائے تاکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات ہو یا عام انتخابات کسی کو انتخابی عمل پر سوالیہ نشان نہ اٹھا نا پڑے۔