سبزی منڈی چکوال کے قریب کالج دیوار اور گردونواح میں لگائے گئے غیر قانونی ٹھیے ہزاروں روپے ماہانہ کرایے پر دئیے جانے کا انکشاف

چکوال : سبزی منڈی چکوال کے قریب کالج دیوار اور گردونواح میں لگائے گئے غیر قانونی ٹھیے ہزاروں روپے ماہانہ کرایے پر دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ قبضہ مافیا ٹی ایم اے کی آشیر باد سے لاکھوں روپے ماہانہ کرایہ کی صورت میں کما رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سبزی منڈی کے قریب ہائی سکول گرائونڈ کی دیوار کے ساتھ لگائے گئے غیر قانونی ٹھیے جو کہ ناجائز تجاوزات کے زمرے میں بھی آتے ہیں قبضہ گروپ نے ہزاروں روپے کرایہ پر چڑھا رکھے ہیں۔ پانچ ہزار سے پندرہ ہزار روپے تک ماہانہ کرایہ وصول کیا جاتا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ساجد پولٹری والا تمام ٹھیوں سے کرایہ اکٹھا کر کے قبضہ گروپ کے حوالے کرتا ہے جبکہ ٹی ایم اے کے افسران کو بھی باقاعدہ حصہ ملتاہے۔مذکورہ ٹھیے ختم کروانے کے لیے کئی مرتبہ ٹی ایم اے کے افسران کو درخواستیں دی گئیں مگر کوئی کاروائی نہیں کی جاتی۔ شہریوں نے ایک علاقے میں دو قوانین پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔