دبئی (جیوڈیسک) بھارت کے مایہ ناز سابق کرکٹ سٹار سچن ٹنڈولکر نے آئی سی سی کی ویب سائٹ پر لکھی اپنی تحریر میں کہا ہے کہ 25 جون 1983ء کو جب بھارت نے پہلی مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تو اس وقت میری عمر دس برس تھی۔
والدین نے مجھے رات دیر گئے تک دیگر لڑکوں کے ساتھ جشن منانے کی اجازت دی۔ اس دن کے بعد سے میں ہارڈ بال سے کرکٹ کھیلنا شروع ہوگیا۔ انھوں نے کہا کہ میرا پہلا براہ راست ورلڈ کپ 1987ء کا تھا جو بھارت اور پاکستان میں کھیلا گیا تھا۔
اس ایونٹ میں خوش قسمتی سے مجھے ممبئی میں کھیلے جانے والے ایک میچ میں بال بوائے کی ذمہ داری ملی۔ میں نے اپنے سامنے عظیم کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھا اور اس وقت سوچا کہ ایک دن مجھے بھی ان کی جگہ کھیلنا ہے۔ واضع رہے کہ آئی سی سی نے اپنی ویب سائٹ پر سابق سٹار کھلاڑیوں سے ورلڈ کپ کے تجربات سے متعلق مضامین لکھوانے شروع کی ہیں۔ اس سیریز کی پہلی تحریر سچن ٹنڈولکر نے لکھی ہے۔
اس کے جاری کردہ رائٹرز کے پہلے شیڈول میں سچن ٹنڈولکر، سٹیفن فلیمنگ، جاوید میانداد، سرویوین رچرڈز، کلائیولائیڈ، پال کالنگ ووڈ، بلوندر سنگھ ساندھو، ایلن بارڈر اور انضمام الحق شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی تحریریں ایک ایک کرکے روزانہ شائع ہوں گی۔ کل سابق کیوی کپتان فلیمنگ اور پرسوں میانداد کا کالم شائع ہوگا۔