ممبئی (جیوڈیسک) دنیائے کرکٹ کے 2 لیجنڈز کے درمیان الفاظ کی جنگ شدت اختیار کرگئی، کپتانی کا تنازعہ کھڑا کرنے کے حوالے سے سچن ٹنڈولکر کا الزام گریگ چیپل نے سختی سے مسترد کردیا۔
سچن ٹنڈولکر کی خود نوشت سوانح عمری پلے انگ اٹ مائے وے نے منظر عام سے آنے سے پہلے ہی تہلکا مچا دیا، کتاب تو جمعرات کو مارکیٹ کی زینت بنے گی لیکن اس کے باعث لیجنڈ کرکٹرز میں تنازع پہلے کھڑا ہوگیا۔
سوانح عمری میں بھارتی لیجنڈ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ 2007ء کے ورلڈ کپ سے قبل اس وقت بھارتی ٹیم کے کوچ گریگ چیپل ان کے گھر پہنچے اور انہیں راہول ڈریوڈ کی جگہ کپتانی سنبھالنے کیلئے رضامند کرنے کی کوشش کی۔
ٹنڈولکر کے اس دعویٰ کے جواب میں گریگ چیپل بھی میدان میں آگئے، سابق آسٹریلوی کپتان کہتے ہیں بھارتی ٹیم کے کوچ رہتے ہوئے صرف ایک بار سچن کے گھر گئے لیکن اس دوران ٹیم فزیو اور اسسٹنٹ کوچ ان کے ہمراہ تھے جن کی موجودگی میں اس طرح کی بات کرنا حماقت کے سوا اور کچہ بھی نہیں۔
گریگ چیپل کے مطابق کتاب فروخت کرنے کے اور بھی بہتر طریقے ہوسکتے تھے لیکن شاید سچن کے ایڈوائزرز ان کو صحیح راہ نہیں دکھا رہے۔