ممبئی (جیوڈیسک) بھارت کے سابق عظیم بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے اپنی اہلیہ انجلی کے ہمراہ گذشتہ روز ووٹ کاسٹ کیا، یہ ان کی 41 ویں سالگرہ کا بھی دن تھا۔ انھوں نے ووٹ ڈالنے کے بعد ٹویٹر پراپنی تصویر دی اور کہا کہ ’میں نے ووٹ کاسٹ کر دیا ہے، کیا آپ نے کیا؟ کیونکہ یہ ایک اہم قومی ذمہ داری ہے‘۔ سچن ٹنڈولکر خاص طور پر ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے یو اے ای سے ممبئی واپس آئے تھے، جہاں پر وہ آئی پی ایل ٹیم ممبئی انڈینز کو مشاورت فراہم کر رہے ہیں۔
سچن ٹنڈولکر کو بھارتی کرکٹرز کی جانب سے ٹویٹر پر سالگرہ کی مبارکباد بھی دی گئی۔ ویرات کوہلی نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کو ہی دیکھ کر میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی۔ ممبئی انڈینز کے روہت شرما نے کہا کہ ’ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ بدستور سچن کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر رہا ہوں‘۔ فکسنگ کے جرم میں تاحیات پابندی کا شکار ہونے والے شری شانتھ نے بھی ٹنڈولکر کو 41 ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔