کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار احمد علی بٹ نے قربانی کے جانوروں کو اذیت پہنچانے اوران کے ساتھ برا رویہ اختیار کرنے پر لوگوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا قربانی کے جانوروں کے ساتھ محبت سے پیش آئیں۔
احمد علی بٹ نے گزشتہ روز اپنی انسٹاگرام اسٹوری پرعید الاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی طرف لوگوں کی توجہ دلاتے ہوئے کہا اس عید پر میں نے قربانی کی گائے کو چھت سے گرتے دیکھا، اللہ کی راہ میں قربان کیے جانے والے اونٹ کو ذبح کرنے کے بجائے اس پر چاقو سے حملہ کیا گیا اور ایک گائے کودو آدمیوں نے اے کے 47 سے گولی مار کر ہلاک کردیا۔
انہوں نے مزید کہا قربانی فوراً اور جانوروں کو اذیت دئیے بغیر ہونی چائیے اگر وہ بول سکتے تو کہتے کہ لوگوں کی بیوقوفانہ حرکتوں سے انہیں کتنا درد پہنچتا ہے۔ مہربانی کرکے قربانی کے جانوروں سے محبت کے ساتھ پیش آئیں، خدا ہمیں معاف کرے۔
واضح رہے کہ عید الاضحیٰ سے ایک روز پہلے کراچی میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں قربانی کے لیے چھت پر پالے جانے والے بیل کو جب کرین سے نیچے اتارا جارہا تھا تو بیل اپنا توازن برقرا نہ رکھ سکا تھا اور اونچائی سے زمین پر آگرا تھااور شدید زخمی ہوگیا تھا۔ بیل گرتے ہی شہری نے اسے مرنے سےقبل ذبح کر دیا تھا۔