ڈیرہ غازیخان (منشاء فریدی سے) معذور شہری غلام رسول ولد ہوون خان بزدار نے بین الاقوامی میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ قربان جائیں وطن عزیز پاکستان پر جہاں نا صرف ہر طرح کے وسائل موجود ہیں بلکہ اس کا عالمی وقار بھی سب کے سامنے قابل اعتماد ہے ۔ لیکن یہاں کے ایم این ایز ، ایم پی ایز ، سنیٹرز اور افسر شاہی کو نواز ا جاتا ہے۔
جو حقیقت میں عام اور مستحق شہری کے حقوق تلف کرنے میں برابر کے ملوث ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک عام اور غریب آدمی ہی ملکی ترقی اور وقار کی سر بلندی کا سبب ہے ۔ لیکن یہاں بنیادی عنصر کو ہی ذلیل و خوار اور مخصوص پالیسیوں کے ذریعے قتل کر دیا جاتا ہے دوسرے لفظوں میں مستقبل اور اس سے معاشی وسائل چھین کر یا نہ دے کر محروم رکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے اپنا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا میں پاکستان کا شہری نہیں ہوں کہ مجھے روزگار سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ حالانکہ معذوری کوٹہ کے تحت میرٹ پر پورا بھی اتر تا ہوں۔
میں نے ای ڈی او ایجوکیشن اور ڈی سی او ڈیرہ غازیخان کو بالترتیب معذوری کوٹہ کے تحت درجہ چہارم اور معذوری کوٹہ کے تحت ہی نائب قاصد کے لیے انٹر ویو دے رکھا ہے ۔ لیکن تا حال میرے حقوق غصب ہو رہے ہیں ۔ یہاں بھی یقینا سیاستدانوں کو خوش کیا جارہا ہے اور بیورو کریٹس ناپاک ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بھی مستحق افراد خود کشی نہ کریں تو کیا اپنے معصوم بچے موت سے مرتا دیکھیں ۔ انہوں نے آخر میں عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں نا انصافیوں پر نظر رکھیں۔