TV آن کیا تو مہدی حسن سریلی آواز میں جنگی نغمہ گا رہے تھے اپنی جاں نذر کروں، اپنی وفا پیش کروں قوم کے مرد ِ مجاہد تجھے کیا پیش کروں سن کر کئی سنی، پڑھی، کہی اوران کہی باتیں یاد آگئیں واقعات کا تسلسل،اپنے قومی ہیروز کے بہادری کے قصے، جواں مردی کی داستانیں اور اپنی مادر ِ وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کی کہانیاں دل میں عجب جوش پیدا کر دیتی ہیں تو بے اختیار ان جوانوں کو سیلوٹ کرنے کو دل کرتاہے جنہوںنے ہمارے ”کل ”کے لئے اپنا آج” قربان” کردیا دھرتی کے ان سپوٹوں کو قوم تاقیامت خراج ِ تحسین پیش کرتی رہے گی کہ زندہ قوموں کا یہی شعارہوا کرتا ہے اس میں کوئی شک نہیں ۔۔ایک عالم تسلیم بھی کرتاہ ے۔۔اور ازلی دشمن ۔۔اعتراف بھی ۔۔کہ افواج ِپاکستان کا شمار دنیا کی چند گنی چنی بہترین فوجوں میں کیا جاتا ہے ان بہادروں نے اپنے لہو سے جرأت، استقامت اوربہادری کی ایسی تاریخ رقم کی ہے کہ سن کر انسان کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں یقینا علامہ اقبال نے ایسے ہی مجاہدوں بارے کہا ہے۔
یہ غازی یہ تیرے پر اسرار بندے جنہیں تونے بخشاہے ذوق ِ خدائی دونیم ان کی ٹھوکر سے صحرا و دریا سمٹ کر پہاڑ ان کی ہیبت سے رائی
دشمن ہر دم پاکستانی فوج سے خوفزدہ رہتاہے یہی وجہ ہے کہ بھارت نے ہمیشہ افواج ِپاکستان کو اپنے اوچھے ہتھکنڈے اور زہریلے پروپیگنڈے کیلئے بدنام کرنے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیا کبھی پاکستانی فوج پر مقبوضہ کشمیر میں دراندزی کے الزامات لگائے گئے۔کبھی ممبئی میں دہشت گردی کے واقعات میں آئی ایس آئی کو ملوث کرنے کی شرمناک جسارت کی گئی لیکن دنیا نے بھارت کے اس سفید جھوٹ پر یقین نہیں کیا پاکستانی فوج انڈیا کا خاص ٹارگٹ ہے اس کے باوجود بھارت کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی ہے پاکستانی قوم کو اپنی بہادر افواج پر بڑا نازہے اور ان کی قربانیوں کااحساس بھی۔20کروڑ سے زائد پاکستانیوںکو یقین ہے کہ پاک فوج پاکستان کی نظریاتی سرحدوںکیلئے قومی امنگوںکی ترجمان اور جغرافیائی سرحدوںکی محافظ ہے اور دشمن کو نیست و نابود کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اس کا عملی مظاہرہ کئی بار کیا جا چکا ہے۔
پاک فوج نے1965 ء کی پاک بھارت جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا غرور خاک میں ملادیا اس جنگ میں پاکستانی جوانوںنے عزم و ہمت کی ناقابل ِ فراموش داستانیں لکھ کراپنے وطن کا نام سربلند کردیا چونڈہ کے مقام پر دنیا کی تاریخ میںٹینکوں کی سب سے بڑی جنگ لڑی گئی دشمن کو اپنی فوجی برتری اور عسکری قوت پر بڑا غرور تھا یہاں بھارت نے جدید اسلحہ سے لیس سینکڑوں فوجی ٹینک جنگ میں جھونک دئیے وسائل کی کمی اورعددی قوت کی کمی بھی پاکستانی جوانوںکے راستے کی رکاوٹ نہ بن سکی دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستانی جوانوںنے دنیا کا انوکھا طریقہ اختیار کرتے ہوئے اپنے جسموں سے بم باندھ کر وہ دشمن کے ٹینکوں کے نیچے لیٹ لئے ان کے شوق ِ شہادت نے جنگ کل پانسہ پلٹ دیا۔
Pakistan
دنیا میں عزم و بہادری کی بہت کم مثالیں موجود ہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنے شہیدوں اور غازیوں پر بہت فخرہے تاریخ شاہد ہے جب بھی وطن پر کوئی کڑا وقت آیا جنگ کا میدان ہو یا قدرتی آفات۔۔ افواج ِپاکستان نے ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کا ساتھ دیا ان کو کبھی مایوس نہیں پیشہ وارانہ سرگرمیوں میں افواج ِپاکستان آھ بھی نمبرون ہیں1971ء کی جنگ کے نتیجہ میں پاکستان دو لخت ہوا میں پوری سچائی کے ساتھ سمجھتاہوں یہ جنگ بڑی عجیب و غریب تھی پاکستانی فوج جن کیلئے بھارت سے جنگ لڑرہی تھی وہ (بنگالی) ان کے خلاف نبرد ازما تھے اس لحاظ سے شکست میں فوجی سے زیادہ سیاسی عوامل زیادہ کارفرما تھے۔پاکستان میں فوجی ڈکٹیٹروںنے متعدد بار مارشل لاء لگایا اس سے یقینا فوج کی توجہ تقسیم ہوئی ہوگی( خیر یہ اپنی جگہ ایک الگ داستان ہے) دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں بھی پاکستان کا کلیدی کردارہے جس میں ہمارے جوانوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں انتہا پسندی کے خلاف پاک فوج نے اپنا کردار بڑی جرأت سے ادا کیا ہے۔
عسکری ادارے ایسا نہ کرتے تو آج پاکستان میں خدانخواستہ خانہ جنگی کی کیفیت ہوتی بہرحال مجموعی طورپر پاک فوج آج بھی ملک کا سب سے مضبوط ،منظم اور متحرک ادارہ ہے موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جمہوریت کومستحکم کرنے پر زور دیاہے ان کا یہ بھی کہناہے تمام ادارے اپنی حدودمیں رہیں تو کبھی کوئی مسئلہ پیدانہیں ہو سکتا انہوں نے کشمیریوں کے حق ِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کااعلان کیاہے جس سے کشمیری مسلمانوں کے حوصلے مزید بلندہوئے ہیں جنرل راحیل شریف نے ملکی سلامتی، جمہوریت کے استحکام اور مسئلہ کشمیرکیلئے اپنے دوٹوک موقف کا اعادہ بھی کیا۔
یہ بھی محبت کی دلیل ہے کہ سیاستدان، سول سوسائٹی،سماجی کارکن، مذہبی رہنما پا ک فوج سے اظہار ِ یکجہتی کااظہار کررہے ہیں جو یقینا خوش آئند بات ہے ہرادارہ پاکستان کی ریڈھ کی ہڈی کی مانند ہے پا ک فوج تو ملک کی جغرافیائی سرحدوںکی محافظ ہونے کے ناطہ سے اس کی ذمہ داریاں نازک بھی ہیں اور زیادہ بھی۔ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام آباد میں دھرنوں کے دوران پاک فوج کے حق میں خود نعرے بازی کی جس سے ظاہر ہوتاہے افواج ِ پاکستان سے محبت ہر دل میں موجزن ہے۔ یہ سچ ہے تمام ادارے اپنی حدودمیں رہیں تو کبھی کوئی مسئلہ پیدا ہو سکتا نہ کسی کو شکایت۔ ماضی کی غلطیوں سے ہم سب کوسیکھنے کا وقت آگیاہے ۔افواج ِپاکستان صرف اپنا آئینی کردار ادا کرے تو قوم کا بچہ بچہ کہتا نظر آئے گا۔
اپنی جاں نذر کروں،اپنی وفا پیش کروں قوم کے مرد ِ مجاہد تجھے کیا پیش کروں