کراچی (جیوڈیسک) کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کا کہنا ہے کہ شہر میں قیام امن اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں گے اور ناسور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔
ناظم آباد میں رینجرز کی موبائل کے قریب بم دھماکے میں شہید ہونے والے 2 اہلکاروں کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کورکمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ دونوں جوانوں نے قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں کور کمانڈر کراچی سمیت ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور رینجرز کے دیگر حکام نے شرکت کی۔