ملتان (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جوبھی حالات ہوں ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں اور ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہو گی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلسہ ہرصورت کریں گے اور جلسہ ہونے تک ملتان میں رہیں گے، یہیں ڈیرہ جمائیں گے، جوبھی حالات ہوں ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں جب کہ ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ انصار الاسلام ہمارے رضاکار ہیں اور تنظیمی امور پر مامور ہیں، جلسے کے انتظام کے لیے انصار الاسلام کے رضاکار بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیں ماریں گے بندوقوں سے تو ہم انہیں ڈنڈوں سے بھی نہ ماریں، کیا ہم مردہ لاشیں ہیں جو خاموش بیٹھے رہیں گے؟ ہم زندہ ہیں، کوئی رکاوٹ کام نہیں آئے گی، نا موبائل فون نا انٹرنیٹ کی بندش کام آئے گی، ہم جلسہ گاہ کی طرف جائیں گے، دیکھتے ہیں کہاں کہاں رکاوٹیں ہیں، وہیں پر اس سے نمٹیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک جلسہ نہ کر لیں ملتان میں رہیں گے ،کہیں نہیں جائیں گے، کنٹینروں کی ایسی تیسی کر دیں گے۔