کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے ان خبروں پر انتہائی افسوس کا اظہار کیاجس کے مطابق کچھ تاجروں نے قربانی کے جانوروں کی فروخت میں عوام کی کشش اور زیادہ سے زیادہ کمائی کیلئے ماڈلز اور اداکاروں کے نام رکھے ہیں،قربانی سنت ابراھیمی اور ایک مکمل عبادت ہے جس کو نمود ونمائش اور مذاق بنانے والے قابل مذمت ہیں ایسے لوگوں کو اپنے ایمان کی فکر کرنی چاہیے۔
ان خیالات کااظہارمنگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں تاجر نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا ،پر تاجروں نے مفتی محمد نعیم کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا قربانی کے جانوروں کے حوالے سے شرعی احکام معلوم کیے اس موقع پر مفتی محمدنعیم نے کہاکہ قربانی سنت ابراھیمی کے ساتھ سرکار دوجہاں ۖکی سنت اور ایک مکمل عبادت ہے اس کی ادائیگی ہر صاحب نصاب پر اسی طرح واجب ہے جس طرح دوسری واجب عبادات ہیںاور کسی بھی عبادت میں نمودو نمائش اللہ تعالیٰ کو بالکل پسند نہیںاس لیے قربانی کی عبادت میں اس سے گریز کرنا چاہیے ریا کاری عمل کو برباد کردیتی ہے،، انہوںنے کہاکہ قربانی اور قربانی کے جانور کو مذاق نہیں بنانا چاہیے۔
تاجروں کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی فروخت میں عوام کی کشش اور زیادہ سے زیادہ کمائی کیلئے ماڈلز ،فنکاروں کے نام رکھنا اسی طرح جانوروں کو بیہودہ ناموں سے پکارا جانا قربانی کے سنت عمل کے ساتھ مذاق ہے اس طرح کی حرکت قابل مذمت اور افسوس ناک ہے ، اس طرح کے مذموم فعل میں ملوث افراد کو اپنے ایمان کی فکر کرنی چاہیے اور خریداروں کو بھی اس سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ اپنی رقم وہاں خرچ کرنی چاہیے جو عنداللہ مقبول اور آخرت کیلئے ذخیرہ بن سکے ، انہوں نے تاجروں کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ خریدوفرخت میں ایمانداری سے کام لیں جھوٹ ہرگز نہ بولیں ، حضور ۖ نے بھی تجارت فرمائی، تجارت کو حضور ۖ کی سنت سمجھ کر کرینگے تو دنیا کے ساتھ آخرت کی بھی بھلائی ہوگی اسی طرح احادیث مبارکہ میں ایماندار تاجروں کی بڑی فضیلت آئی ہے حدیث پاک کا مفہوم کہ سچااور امانتدار تاجر روز محشر انبیاء ،صدیقین، شہداء اور صالحین کی صف میں ہوگا۔